مینگلور6/ستمبر (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ پُتور میںایک برتھ ڈے پارٹی منانے کے دوران موقع پر پہنچ کر ہنگامہ کھڑا کرنے اور بعد میں پولیس کو اپنی ذمہ داری اداکرنے سے روکتے ہوئے اس پر حملہ آور ہونے والے پانچ ملزمین کوپتور دیہی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پارپونجا نامی علاقے کے ایک ریسارٹ میں کچھ لڑکے اور لڑکیا ں برتھ ڈے پارٹی منا رہے تھے۔ اس سلسلے میں کوئی غلط خبر لوگوں میں عام ہوگئی اورکچھ نوجوانوں نے اس ریسارٹ کے اندر گھس کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ریسارٹ کے ویٹر کی طرف سے ملنے والی اطلاع پرپولیس نے موقع پر پہنچ کرشر پسندی پر آمادہ محمد مختار، سلام عرف سلام الدین،محمد رفیق اور محمد آصف کو اپنی تحویل میں لیا اور پوچھ تاچھ کے لئے پولیس اسٹیشن لے آئی۔
جب پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ چل رہی تھی تو اس وقت ان لوگوں کا ایک اور ساتھی عاشق الدین یہاں پہنچا اور پولیس سب انسپکٹر عبدالقادر کے ساتھ بدکلامی اور جھگڑا کرتے ہوئے ان لوگوں کی رہائی کاپرزور مطالبہ کرنے لگا۔ مبینہ طورپر اس نے پولیس اہلکاردنیش گجیندر پر حملہ بھی کردیا جس سے وہ پولیس والا بھی زخمی
ہو گیا اور علاج کے لئے اسے اسپتال لے جانا پڑا۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی اور حملے کے الزام میں ان پانچوں کوگرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے ان لوگوں کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔پتور اے ایس پی مسٹر ریشیانتھ اور سرکل انسپکٹر انیل ایس نے پتور دیہی پولیس اسٹیشن پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔